دنیا میں پانی کی کمی کا شکار ممالک میں پاکستان کا 14ویں نمبر پر شمار

دنیا میں پانی کی کمی کا شکار ممالک میں پاکستان کا 14ویں نمبر پر شمار

اسلام آباد( خصوصی نیوز رپورٹر ) عالمی سطح پر پاکستان کو پانی کی شدید قلت کے شکار ممالک میں 14ویں نمبر پر شمار کیا جا رہا ہے جو ملک کی زراعت غذائی تحفظ اور معیشت کے لیے سنگین خطرے کی نشاندہی کرتا ہے ۔

یہ انکشاف ایمپیک سٹرٹیجیز کی جاری کردہ تحقیقی رپورٹ میں کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے زرعی بحران کی ذمہ داری صرف موسمیاتی تبدیلی پر ڈالنا درست نہیں بلکہ اس میں دہائیوں سے جاری ناقص پالیسیوں اور انتظامی کمزوریوں کا بھی بڑا کردار ہے ۔ غیر مؤثر آبپاشی زمین کی زرخیزی میں کمی کیمیائی کھادوں اور زرعی ادویات کا بے دریغ استعمال ایک ہی فصل کی مسلسل کاشت اور پالیسیوں پر کمزور عملدرآمد نے سیلاب خشک سالی اور ہیٹ ویوز جیسے موسمی خطرات کے اثرات کو مزید بڑھا دیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فی کس سالانہ قابلِ تجدید میٹھے پانی کی دستیابی میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت بے ترتیب مون سون طویل خشک سالی اور بار بار آنے والے سیلاب شامل ہیں جو زرعی پیداوار کو متاثر کر رہے ہیں۔ حل کے طور پر موسمیاتی تبدیلی پالیسی، قومی غذائی تحفظ پالیسی، ری چارج پاکستان منصوبہ اور گرین ٹیکسانومی جیسے فریم ورک پر عملدرآمد ناگزیر ہے جو پہلے سے موجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد کمزور ہے ۔ رپورٹ کے مرکزی محقق عزیز احمد کے مطابق پاکستان کی زراعت کا مستقبل صرف موسم نہیں بلکہ آج کیے جانے والے فیصلے طے کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں