جنگو،روسٹن کی چھٹی وکٹ پرسب سے بڑی ٹیسٹ شراکت
جنگو،روسٹن کی چھٹی وکٹ پرسب سے بڑی ٹیسٹ شراکت ویسٹ انڈیزکا سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 626 رنز کا سب سے بڑا مجموعہ
نارتھ ساؤنڈ(سپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے بلے باز عامر جنگو اور روسٹن چیز نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چھٹی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لیے ۔دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 401 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی، جو ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹے یا اس سے نچلے نمبر کی کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے ۔اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو اور بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے 2016 میں جنوبی افریقا کے خلاف چھٹی وکٹ پر 399 رنز جوڑے تھے ۔
عامر جنگو اور روسٹن چیز ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں یا اس سے نچلی وکٹ پر 400 سے زائد رنز کی شراکت قائم کرنے والی تاریخ کی صرف دوسری جوڑی بھی بن گئے ۔ اس سے قبل 1946 میں آسٹریلیا کے سڈ بارنس اور ڈان بریڈمین نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں وکٹ پر 405 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 626 رنز بنا کر سری لنکا کے خلاف اپنی ٹیسٹ تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ بھی ریکارڈ کیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کا بہترین سکور 2010 میں گال ٹیسٹ میں 580 رنز تھا۔