ہر فورم پر ممبران کے حقوق کادفاع کرینگے ،لاہور چیمبر
تاجر کے آئینی و قانونی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا،فہیم الرحمن سہگل
لاہور (آن لائن)لاہور چیمبرکے صدر فہیم الرحمن سہگل نے لاہور کے مختلف علاقوں میں قائم صنعتوں کو منتقل کرنے کیلئے جاری کارروائیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور چیمبر اپنے تمام ممبران کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے اور کسی بھی صنعتکار، سرمایہ کار یا تاجر کے آئینی، قانونی اور کاروباری حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ لاہور چیمبر ہر فورم پر اپنے ممبران کے حقوق کا بھرپور دفاع کرے گا۔ واضح رہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں قائم صنعتوں کے خلاف کارروائیوں، نوٹسز کے اجرا، جبری منتقلی اور بعض مقامات پر فیکٹریاں سیل کرنے کی کارروائیوں نے کاروباری برادری میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے ۔ ان اقدامات کے تحت طویل عرصے سے قانونی طور پر کام کرنے والی صنعتوں کو شہر سے منتقل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔