موسیٰ خیل میں زلزلے سے 125مکانات متاثر، 19افراد زخمی
زخمیوں کیلئے میڈیکل کیمپ قائم،خیمے ، بستر اور ضروری امدادی سامان تقسیم پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی :رپورٹ جاری
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر )بلوچستان میں زلزلے سے نقصانات؛ پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ضلع موسیٰ خیل میں زلزلے سے 125 مکانات متاثر اور 19 افراد زخمی ہوئے ۔ تحصیل کنگری کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، زخمیوں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کر د ئیے گئے ۔ متاثرہ خاندانوں میں خیمے ، بستر اور ضروری امدادی سامان تقسیم کیا گیا ، سولر لائٹس، گیس سلنڈر، چٹائیاں اور مچھر دانیاں بھی فراہم کی گئیں ۔پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے ،نقصانات کے مکمل تخمینے کے لیے تفصیلی سروے جاری کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں درمیانے درجے کے 6 زلزلے ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، ماہرین کے مطابق وینزویلا کے زلزلے سے پیدا توانائی کی لہریں پاکستان میں زلزلوں کا باعث بن رہی ہیں۔ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستان اورخطے میں آنے والے متعدد درمیانے درجے کے زلزلے زیرِ زمین ٹیکٹونک پلیٹس کی مسلسل حرکت کا نتیجہ ہیں،دنیا کے دیگر حصوں میں آنے والے بڑے زلزلوں سے پیدا ہونے والی زیرِزمین توانائی بعض اوقات دوردراز پلیٹس پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے ۔