غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
بغیر درست ویزے کے رہائش پذیر افراد کو 10 جولائی سے گرفتار کیا جائیگا 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جائے :وزارت داخلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بغیر درست ویزے کے رہائش پذیر افراد کو 10 جولائی سے گرفتار کیا جائے گا۔ وفاقی وزارت داخلہ نے اس حوالے سے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی باضابطہ خطوط ارسال کر دیے ہیں۔ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے اور اوور سٹے کرنے والے افغان شہریوں کی ڈی پورٹیشن میں تیزی لائی جائے ، مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ، وزارت داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جائے ، جس میں بغیر ویزے کے گرفتار افغان شہریوں کی تعداد، کی گئی کارروائی اور ان کی موجودہ حیثیت کی تفصیلات شامل ہوں،یہ فیصلہ غیرقانونی غیرملکیوں کی وطن واپسی کے پلان کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔