دہشتگردوں نے کراچی کا بیگناہ نوجوان شہید کر دیا،حلیم عادل
واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار، قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاجر علی جمیل کی رہائشگاہ آمد، اہلخانہ سے تعزیت ، واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں
کراچی (این این آئی)تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ وفد کے ہمراہ کوئٹہ کے قریب دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی کے تاجر علی جمیل کی رہائش گاہ پہنچے ، جہاں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت ، فاتحہ خوانی کی اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وفد میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد و دیگر رہنما بھی شامل تھے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی کا نوجوان علی جمیل اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ سیر و تفریح کی غرض سے کوئٹہ گیا تھا، اسے کیا معلوم تھا اپنے ہی ملک میں غیر محفوظ ہو جائے گا اور دہشت گردی کا نشانہ بن جائے گا۔دہشت گردوں نے کراچی کے ایک بے گناہ نوجوان کو شہید کر دیا، جو اپنے خاندان کے ساتھ ایک مہمان کی حیثیت سے وہاں گیا تھا۔انہوں نے کہا دہشت گردوں نے ایک نہتے اور بے گناہ شہری کو اس کے اہل خانہ کے سامنے نشانہ بنایا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ملک میں امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی بے گناہ شہری کو اس طرح دہشت گردی کا شکار نہ ہونا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ علی جمیل کی شہادت انتہائی افسوسناک سانحہ ہے ، پوری قوم اس واقعہ پر سوگوار ہے اور پاکستان تحریک انصاف اس دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ حلیم عادل نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔