بی ڈی ایس پروگرام کی مدت 5 سال ، نوٹیفکیشن جاری

بی ڈی ایس پروگرام کی مدت 5 سال ، نوٹیفکیشن جاری

سابقہ چار سالہ پروگرام کے گریجویٹس کیلئے بھی ایک پروگرام تجویز فارغ التحصیل طلبہ کو مختلف ممالک میں مشکلات کا سامنا تھا :ماہرین

لاہور(ہیلتھ رپورٹر ،این این آئی)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس)نے بیچلر آف ڈینٹل سرجری (بی ڈی ایس )پروگرام کی مدت 4 سال سے بڑھا کر 5 سال  کر دی ۔ اس فیصلے کے تحت تعلیمی سال 2025-26 سے ملک بھر میں یونیورسٹی کے تمام الحاق شدہ ، ذیلی سرکاری و نجی ڈینٹل کالجوں میں 5 سالہ بی ڈی ایس پروگرام نافذ ہوگا،اس حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،نئے پانچ سالہ نصاب میں ابتدائی کلینیکل تربیت، مہارت پر مبنی تعلیم، سمولیشن لیبارٹریز، کمیونٹی ڈینٹسٹری، تحقیق، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور مسلسل تشخیصی نظام کو شامل کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جا سکے ۔یو ایچ ایس نے سابقہ چار سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے گریجویٹس کیلئے بھی ایک شواہد پر مبنی بریجنگ پروگرام تجویز کیا ہے جسے پی ایم اینڈ ڈی سی کی منظوری سے متعارف کرایا جا سکتا ہے تاکہ وہ 5 سالہ مساوی ڈگری حاصل کر سکیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کے چار سالہ پروگرام کے فارغ التحصیل طلبہ کو برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، یورپ اور خلیجی ممالک میں ڈگری کی مساوات، پیشہ ورانہ رجسٹریشن ،اعلیٰ تعلیم میں داخلے کے دوران مشکلات کا سامنا تھا کیونکہ ان ممالک میں پانچ سالہ ڈینٹل ڈگری کو معیار تسلیم کیا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک سال کا اضافہ نہیں ،ہمارا مقصد ایسے گریجویٹس تیار کرنا ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر مقابلہ کر سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں