گورنرپنجاب نے میانوالی میں خونریز تنازع ختم کرادیا
جرگے کے ذریعے خیل اور کلو برادری میں صلح، دشمنی میں 12قتل ہوئے اسلام ہمیں امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا :سردار سلیم حیدر خان
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان خیل برادری اور ملک/کلو برادری کے درمیان جرگہ کرانے کے لیے میانوالی پہنچ گئے ۔ گورنر کی کاوشوں سے خیل برادری اور کلو برادری کے درمیان برسوں سے جاری خونریز تنازع باقاعدہ صلح پر اختتام پذیر ہوگیا۔گورنر پنجاب نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج تاریخ میں امن، بھائی چارے اور روایتی جرگہ نظام کی ایک اہم مثال قائم ہونے جا رہی ہے ۔ بزرگوں، قبائلی عمائدین اور معززینِ علاقہ کی مسلسل کاوشوں سے فریقین نے اختلافات بھلا کر امن کا راستہ اختیار کر لیا ہے ۔ اسلام ہمیں امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔ ہمیں اختلافات بھلا کر ملک کی خاطر ایک پیج پر ہونا چاہیے ۔ میانوالی ایک تاریخی شہر ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی میانوالی کے عوام سے محبت کرتی ہے ۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر میانوالی کی محرومیاں دور کرے گی اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی۔ ہم نے ہمیشہ امن و استحکام، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جمہوری راستہ اپنایا ہے ۔ ملک کو نقصان پہنچانے والے اور اس کے خلاف سازشیں کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔اس موقع پر جرگے میں میانوالی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نیازی، ڈی پی او میانوالی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔واضح رہے کہ اس طویل دشمنی کے دوران 12 افراد قتل ہوئے جبکہ 12 افراد اقدامِ قتل کے مقدمات میں ملوث رہے ۔