عوامی مسائل کا بروقت، پائیدار حل حکومت کی اولین ترجیح ، امیر مقام
وفاقی وزیر سے ن لیگ مالا کنڈ کے وفدکی ملاقات، عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا امیر مقام سے ایڈووکیٹ عمران مٹا ، فنکاروں کی بھی ملاقات،ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
پشاور (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے سابق صوبائی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) مالاکنڈ ڈویژن کے صدر جہانزیب خان کی قیادت میں ضلع دیر کے ایک وفد نے ملاقات کی اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اورکہا عوامی مسائل کا بروقت اور پائیدار حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ دریں اثنا پشاور ہائی کورٹ بار کے سابق جنرل سیکرٹری اور معروف قانون دان ایڈووکیٹ عمران خان مٹا نے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر مقام نے ایڈووکیٹ عمران خان مٹا کو پارٹی کیپ پہنائی، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دی ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر سے مسلم لیگ (ن) کلچر ونگ خیبر پختونخوا کی صوبائی صدر سعیدہ خان کی قیادت میں فنکاروں کے ایک وفد نے ملاقات کی،ا س موقع پر معروف پشتو گلوکار الماس خلیل، اکبر علی، گل جی، سمت شاہ اور عمران نے اپنے ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ۔ امیر مقام نے انہیں مسلم لیگ (ن) کی پارٹی کیپس پہنائیں اور مبارکباد دی ۔