شدید گرمی میں13گھنٹے تک بجلی بند ، اسلام آباد میں احتجاج
تکنیکی خرابیاں ،ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات،2دن تک بجلی بندش کی شکایات مظاہرین نے سڑک بلاک کر دی ، ٹریفک کی روانی متاثر،گاڑیوں کی لمبی قطاریں
لاہور،اسلام آباد (اپنے کامرس رپورٹر سے ،دنیا نیوز) لاہورسمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام جواب دے گیا، دن کے اوقات میں تکنیکی خرابیاں رات میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کا جینا محال کردیا،شدید گرم موسم میں بجلی کے ترسیلی نظام نے صارفین کا برا حال کردیا،ڈسٹری بیوشن سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی لیسکو ریجن میں تکنیکی خرابیوں کی بھرمار، ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات میں ہوشربا اضافہ موسم سرما کے دوران سسٹم کی اپ گریڈیشن اور مینٹی ننس کے دعوے بھی کام نہ آئے شہر کے مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے سے گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا،متعدد علاقوں میں دو ، دو روز تک خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ ہوسکے ،عامر ٹائون، شاہدرہ، رانا ٹائون، گلشن راوی، سمن آباد، مصطفی آباد، سید پور،کاہنہ، کینال روڈ، قلعہ محمدی، باٹا پور ،صحافی کالونی، مغلپورہ ،تاج باغ کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر خراب ہونے سے 12 سے 13 گھنٹے تک شہری بجلی سے محروم رہے ، دن میں تکنیکی خرابیوں کے باعث اور رات کے اوقات میں شارٹ فال بڑھنے سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، شہریوں نے کہا ہے کہ رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے دن میں سکون ملتا ہے نہ رات کو آرام سے سو سکتے ہیں، لیسکو ذرائع کے مطابق شام اور رات کے اوقات میں 3 سے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔