جڑواں شہروں میں فورس لوڈشیڈنگ، آئیسکو میں 350 میگا واٹ کا شارٹ فال

جڑواں شہروں میں فورس لوڈشیڈنگ، آئیسکو میں 350 میگا واٹ کا شارٹ فال

بعض علاقوں میں ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے بجلی بند، سنگجانی گرڈ سٹیشن میں تکنیکی خرابی ،سپلائی معطل،ترلائی میں احتجاج،لہتراڑروڈبند بجلی طلب 2449میگا واٹ اورنیشنل گرڈ سے سپلائی2050میگا واٹ ، طلب اور رسد میں فرق کے باعث لوڈ مینجمنٹ ہورہی :آئیسکو

اسلام آباد ،راولپنڈی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورراولپنڈی میں فورس لوڈ شیڈنگ ، آئیسکو میں 350 میگاواٹ تک شارٹ فال ۔وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ۔ ترلائی کلاں کے مکینوں نے گزشتہ روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے لہتراڑ روڈ بند کر دی۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے پرچہ چوک کے مقام پر سڑک بلاک کئے رکھی جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی فوری بحال کی جائے ۔

علاوہ ازیں 220 کے وی گرڈ سٹیشن سنگجانی میں 132 کے وی بس بار انسولیٹر پر تکنیکی خرابی کے باعث گرڈ سٹیشن میں نصب آٹو ٹرانسفارمرز سے بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا جس کے باعث اٹک، راولپنڈی اور اسلام آباد کو بجلی فراہم کرنے والے گرڈ سٹیشنز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ۔ جڑواں شہروں کے بعض علاقوں میں ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے باعث یوپی ایس بھی جواب دے گئے ، شہری رات جاگ کر گزارنے لگے ۔ آئیسکو حکام کے مطابق ریجن میں بجلی کی موجودہ طلب 2449 میگا واٹ ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے آئیسکو کو 2050 میگا واٹ بجلی کا کوٹہ میسر ہے ۔ طلب اور رسد میں آنے والے فرق کے باعث ریجن میں لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں