جیونیوز کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال

 جیونیوز کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال

لائسنس معطلی ، جیو کی معافی کافی یا مزید کارروائی کی ضرورت،رائے طلب پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی 7دن کے اندر رائے دینے کی درخواست

لاہور(سٹاف رپورٹر)پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے جیو نیوز کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال کردیا، پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کے اجلاس میں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف دس محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی سے متعلق بھیجا گیا معاملہ زیر غور آیا۔مذہبی جذبات سے متعلق معاملے کی حساسیت اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 کی روشنی میں پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے فیصلہ کیا کہ پیمرا اتھارٹی کی تجاویز جمع کرانے سے قبل اس معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کی جائے ۔

آرٹیکل 19 کے مطابق ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے کا حق حاصل ہے اور پریس کو بھی آزادی دی گئی ہے ، تاہم یہ آزادی قانون کے تحت ایسی معقول پابندیوں کے تابع ہے جو اسلام کی عظمت کے مفاد و دیگر آئینی تقاضوں کے لیے ضروری ہوں۔کونسل نے سوال اٹھایا کہ آیا پیمرا کی جانب سے لائسنس کی معطلی اور جیو نیوز کی جانب سے پیش کی گئی معافی اور اقدامات اس معاملے میں کافی ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے ۔اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں 7 دن کے اندر، یعنی 8 جولائی تک اپنی رائے سے کونسل آف کمپلینٹس کو آگاہ کرے ۔اجلاس کے دوران جیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے ۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے کونسل کو آگاہ کیا اور لائسنس معطلی ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں