نیو اعظم مارکیٹ میں آتشزدگی، مزدور جاں بحق، لاکھوں روپے کا کپڑا جل کر راکھ
پلازہ کے چوتھے فلور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی،6مزدور نکلنے میں کامیاب،35سالہ وسیم پلازہ میں پھنس گیا 22سالہ فیضان اور21سالہ عزیر امجد معمولی زخمی ہوئے ،ریسکیو آپریشن میں آگ پر اڑھائی گھنٹے بعد قابوپا یا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر )نیو اعظم کلاتھ مارکیٹ میں واقع پلازہ میں ہولناک آتشزدگی سے ایک محنت کش جاں بحق ،2زخمی ہو گئے ،لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر راکھ ہو گیا،ریسکیو ٹیموں نے اڑھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا،تفصیلات کے مطابق معروف نیو اعظم کلاتھ مارکیٹ میں پلازہ کے چوتھے فلور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری آپریشن شروع کیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے اڑھائی گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا ،اہل علاقہ کے مطابق آگ لگنے پر گو دام میں موجود 6 مزدورفوری باہر نکل گئے 35سالہ وسیم پلازہ میں پھنس گیا اوردھویں کے باعث دم گھٹنے سے دم توڑ گیا، کولنگ عمل کے دوران جب تمام منزلوں پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا تو لاش برآمد ہوئی جس کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے ،علاوہ ازیں دو معمولی زخمی افراد22سالہ فیضان اور21سالہ عزیر امجد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا ، ریسکیو آپریشن میں 7 ایمرجنسی فائر ٹینڈرز،2 ریسکیو وہیکلز،2سپیشلائزڈ ریسکیو وہیکلز،1ایمرجنسی ریسکیو ایمبولینس،2موٹربائیک ایمبولینسز اور 45سے زائد ریسکیورز نے حصہ لیا۔