پاکستان خواتین بارے او آئی سی کانفرنس کی میزبانی کریگا
12تا 13 جولائی کو اجلاس، 57 ممالک شریک ہونگے ،اسحاق ڈارنے تیاریوں کاجائزہ لیا
اسلام آباد (دنیا نیوز)پاکستان 12 اور 13 جولائی کو خواتین سے متعلق او آئی سی وزارتی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کردی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کمیٹی کا چھٹا اجلاس ہوا جس میں خواتین سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کانفرنس کے ایجنڈا، سکیورٹی، پروٹوکول اور لاجسٹکس پر غور کیا گیا۔ میڈیا حکمت عملی اور بین الوزارتی رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے نمائندگان شریک ہوں گے ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزارت انسانی حقوق کی تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔ تمام اداروں کو قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور بروقت انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی۔