لاہور :شدید گرمی کے دوران گھنٹوں بجلی بند،شہری پریشان
ٹرانسفارمر جلنے سے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے ، رچنا ٹاؤن 2 روز بجلی بند رہی
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )لیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم نے صارفین کو پریشان کردیا،شدید گرمی کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بندرہی۔ ٹرانسفارمر جلنے سے نیو اسلامیہ پارک کے علاقہ بلال سٹریٹ ،امرسدھو کے علاقہ سپر ٹاؤن میں 16 گھنٹے ،ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث رچنا ٹاؤن شاہدرہ میں دو روز بجلی بند رہی۔اسی طرح سید پور سب ڈویژن کے علاقہ میں تین ٹرانسفارمر خراب ہوئے جبکہ محمود بوٹی، عامر ٹاؤن،رانا ٹاؤن،باٹا پور،صحافی کالونی، ٹاؤن شپ،بادامی باغ، شاہدرہ، فیروز والا کے مختلف علاقوں میں بھی ٹرانسفارمر خراب ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہی ،بجلی کی طویل بندش سے پانی بھی نایاب ہوگیا ، شدید گرمی میں گھنٹوں بجلی کی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بعد عملہ بات تک نہیں سنتا۔