ماں نے کالے جادو، جنات کے شبہ پر بیٹی کو آگ لگا دی
البدر ٹائون کی لبنیٰ کوشبہ تھا کہ 4 سالہ مرہاپرجادو سے تمام گھر والے بیمار رہتے ہیں شدید زخمی بچی لاہور کے ہسپتال میں چل بسی،لبنیٰ ، منیب ،حسیب،بہن مزمل گرفتار
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) تھانہ اروپ کے علاقہ میں سنگدل ماں نے کالے جادو اور جنات کے شبہ پر اپنی 4 سالہ بیٹی کو آگ لگا دی ،پولیس نے ملزمہ اسکے 2 بھائیوں اور بہن کو گرفتار کرلیا،بتایا گیا ہے کہ تھانہ اروپ کے علاقہ البدر ٹائون کی رہائشی لبنی کو شبہ تھا کہ اسکی چار سالہ بیٹی مرہا پر کالا جادو اور جنات ہیں جسکی وجہ سے تمام گھر والے بیمار رہتے ہیں،سنگدل ماں نے بھائیوں منیب، حسیب اور بہن مزمل کے ساتھ مل کر بیٹی کو آگ لگا دی۔ افسوسناک واقعہ کا علم ہونے پر تھانہ اروپ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ،، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اروپ پولیس فوری موقع پر پہنچی اور دروازہ کھٹکھٹایا جب دروازہ نہ کھولا تو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے جہاں دیکھا کہ صحن میں پڑے گیس کے چولہے پر چار سالہ مرہا کو اوندے منہ لٹایا ہوا ہے جسکی ٹانگیں منیب اوربازو حسیب اور مزمل نے پکڑے ہوئے تھے جبکہ اسکی والدہ لبنیٰ بی بی مرہا کا سر پکڑ کر گیس کے چولہے پر جھلسا رہی تھی۔ جب پولیس کو دیکھا تو ملزموں نے مرہا کو چارپائی پر پھینکا اور پولیس سے مزاحمت شروع کر دی تاہم پولیس نے چاروں ملزموں کو قابو کر لیا ،دوسری جانب متاثرہ بچی کو تشویشناک حالت میں لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وہ دم توڑ گئی ۔