اسلام آباد ہائیکورٹ:توشہ خانہ ٹواپیلوں پر نمبر لگانے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ:توشہ خانہ  ٹواپیلوں پر نمبر لگانے کا حکم

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اعتراضات دور کرنے کا تحریری آرڈر جاری کر دیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالت میں 12 مارچ کی سماعت کے جاری تحریری حکم میں کہا گیا کہ اپیلیں دائر کرنے میں تاخیر کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں، اپیل کنندگان کے وکیل کا جواز جائز ہے ، رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کیے جاتے ہیں، اپیلوں کو نمبر لگایا جائے ۔ وکیل کے مطابق اپیلیں 30 روز کی قانونی مدت کے اندر دائر کر دی گئی تھیں اور ٹرائل کے وکیل کیلئے نیا وکالت نامہ جمع کرانا لازمی قانونی شرط نہیں۔ رجسٹرار آفس نے نیا وکالت نامہ جمع نہ کرانے کا اعتراض عائد کیا، وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے عدم تعاون کے باعث نئے وکالت نامے پر دستخط نہ ہو سکے ۔ اپیل ٹرائل کا تسلسل ہے اسے محض تکنیکی بنیادوں پر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 20 دسمبر 2025 کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں جسٹس خادم حسین سومرو کے بینچ سے ٹرانسفر کر دی گئی ہیں، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے تاحال نیا بینچ تشکیل نہیں دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں