ججز کردار کشی:سربراہ این سی سی آئی اے سے رپورٹ طلب
ڈائریکٹر کی رپورٹ مسترد ، یہ انتہائی اہم معاملہ ہے :لاہور ہائیکورٹ
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کیخلاف درخواست پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کی رپورٹ مستردکرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے ، تاہم ترمیم کے بعد ہم پٹیشن سے باہر نہیں جاسکتے ۔ درخواست گزار کے وکیل میاں داؤد نے موقف اپنایاکہ تاثر یہ مل رہا ہے کہ ایف آئی اے کی پشت پناہی میں عدلیہ کی کردار کشی کی جارہی ہے ، حکومت کی پشت پناہی میں عدلیہ کے خلاف مہم چلائی گئی ، استدعا ہے ججوں کی کردار کشی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے اورججوں کیخلاف توہین آمیز مواد فوری ہٹانے کا حکم دیا جائے ۔