تحریک انصاف پیچھے ہٹی نہ دبی ،زیادہ مضبوط ہے ،سلمان راجہ
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام ،ناجائز قید ہیں موجودہ طرز حکمرانی سے آ زاد کشمیر جیسی صورتحال پورے ملک میں پیدا ہو سکتی
لاہور(سیاسی نمائندہ)تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سانحہ کاہنہ ایک قومی المیہ ہے اور وہ پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے گھروں میں گئے اور اظہار تعزیت کیا،سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران اور بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ناجائز مقدمات میں قید رکھا گیا ہے ،جو لوگ سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف دب گئی ہے یا پیچھے ہٹ گئی ہے ، وہ غلط فہمی کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ، اپنے مؤقف پر ڈٹ کر کھڑی ہے ، پیچھے نہیں ہٹے گی اور انہیں یقین ہے کہ بالآخر کامیابی ان کا مقدر ہوگی،انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام جھوٹ اور بربریت پر مبنی ہے ،حکومت پانچ بجٹ پیش کرنے کے باوجود عوام کی زندگی میں بہتری لانے میں ناکام رہی ہے ،معاشی ابتری ملک کے ہر حلقے میں نظر آ رہی ہے ،انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر موجودہ طرز حکمرانی جاری رہی تو آ زاد کشمیر جیسی صورتحال پورے ملک میں پیدا ہو سکتی ہے ۔