آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں انتخابی مہم چلاؤں گا:بلاول
اسلام آباد (دنیا نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں انتخابی مہم چلاؤں گا،وہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری انوار الحق،جنرل سیکرٹری فیصل ممتاز راٹھور سے گفتگو کررہے تھے۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے انتخابات اور انتخابی مہم کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی مہم کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی،اس موقع پر بلاول نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام ان کے دل کے قریب ہیں اور وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ہر ضلع کا دورہ کریں گے ،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی اور انہوں نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران عوام سے رابطوں کا عمل مزید تیز کیا جائے اور پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور گھر گھر پہنچایا جائے ۔