فضائیہ افسر قتل کیس، ملزم کا شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ
ملزم سخت سکیورٹی میں عدالت پیش، 14روز کے بعد دوبارہ پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کو شناخت پریڈ کیلئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ پولیس نے ملزم سعد عباسی کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا، پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ مارگلہ میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے ۔
تفتیشی حکام نے عدالت سے ملزم کی شناخت پریڈ کرانے کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو مروجہ قانونی طریقہ کار کے مطابق شناخت پریڈ کیلئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شناخت پریڈ کا عمل مکمل ہونے کے بعد رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ۔ عدالت نے مزید سماعت 20 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ملزم کے خلاف پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا الزام ہے ۔