قائمہ کمیٹی کا نرسنگ ٹریننگ پروگرام کی شفافیت پر تحفظات کا اظہار
آئی سی ایس کو نرسنگ ٹریننگ پروگرام کا پارٹنر منتخب کرنے پر وضاحت طلب نیوٹیک کو پارٹنر کے انتخاب، نامزدگی کے معیار کے حوالہ سے تفصیلات دینے کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے سوموار کو این سی ایل ای ایکس نرسنگ ٹریننگ پروگرام میں 500 شرکا کے انتخاب پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عوامی خزانے سے فی ٹرینی تین لاکھ روپے خرچ کیے جانے پر شفافیت اور میرٹ پر سوال اٹھا دئیے ۔ مہتاب اکبر راشدی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کمیٹی نے انٹرنیشنل سینٹر فار سکلز (آئی سی ایس) کو این سی ایل ای ایکس نرسنگ ٹریننگ پروگرام کے نفاذ کے لیے پارٹنر منتخب کرنے کے حوالے سے وضاحت طلب کی۔ کمیٹی نے سخت تشویش کا اظہار کیا کہ اس کا عوامی سطح پر کوئی اشتہار نہیں دیا گیا، کمیٹی نے نیوٹیک کو ہدایت کی کہ وہ نفاذی پارٹنر کے انتخاب، نامزدگی کے معیار اور پروگرام کے مجموعی نفاذی فریم ورک کے حوالے سے جامع تفصیلات فراہم کرے ۔ اجلاس میں انجم عقیل خان،ذوالفقار علی بھٹی، زیب جعفر، فرح ناز اکبر، مسرت آصف خواجہ،عبدالحکیم بلوچ، ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو، مسر ت رفیق مہیسر،عبدالعلیم خان، سیدہ نُوشین اختر و دیگر نے شرکت کی۔