غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی :ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا :اسد قیصر
مجسٹریٹ پر دباؤ ڈالنے کی اطلاعات تشویشناک، جوڈیشل انکوائری کرائیں:بیان پی ٹی آئی رہنماء کی چیئرمین سینیٹ یوسف گیلانی سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (آئی این پی، اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر)سابق سپیکر قومی اسمبلی وپی ٹی آئی رہنما ء اسد قیصر نے کہا ہے کہ 2 غیر ملکی خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتی کاواقعہ پاکستان کی ساکھ اور بین الاقوامی تشخص کو شدید نقصان پہنچانے کا باعث بنا ، نہایت سنگین نوعیت کے اس معاملہ نے پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘پر جاری بیان میں اسد قیصر نے کہاکہ اس کیس میں مجسٹریٹ پر دبا ؤڈالنے اور حقائق کو چھپانے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، پورے معاملے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات جج کی نگرانی میں کرائی جائیں ، گھناؤنے جرم میں جو بھی ملوث ثابت ہو یا جس نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا ہو اسے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے ۔ دوسری طرف سابق سپیکر قومی اسمبلی وپی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ہے ، اس موقع پر سینیٹر دلاور خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں ضلع صوابی کی تمباکو صنعت سے متعلق معاملات پر خصوصی توجہ دی گئی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔