کالعدم ایکشن کمیٹی کشمیر الیکشن میں خلل ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی : سیکرٹری اطلاعات ڈی آئی جی آزاد کشمیر
کمیٹی امن تباہ کرنے کے درپے ،غیر رجسٹرڈ کمیٹی پر تشدد کا رروا ئیوں ، اشیا ئے خور و نوش کے ٹرک لوٹنے میں ملوث ہے 5 جولائی ہڑتال کی کال کو عوام، تاجروں نے مسترد کر دیا، کالعدم کمیٹی کی قیادت خود کو قانون کے حوالے کرے :پریس کانفرنس
مظفر آباد(دنیا نیوز)آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پر ریاست میں بدامنی، پرتشدد کارروائیوں اور ریاستی اداروں کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد کیے ۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے آزاد کشمیر کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جبکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ریاست کو مجموعی طور پر 15 ارب روپے کا معاشی نقصان پہنچا، کالعدم کمیٹی انتخابات میں خلل ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے خود کو کبھی رجسٹرڈ نہیں کروایا ، کمیٹی امجد ایوب مرزا جیسے ملک دشمن عناصر سے معاونت حاصل کر رہی ہے جبکہ اس کے سرغنوں اور شرپسند عناصر کے خلاف 79 مقدمات درج ہیں۔
5 جولائی کی ہڑتال کی کال کو عوام اور تاجروں نے مکمل طور پر مسترد کر دیا، مئی 2023 سے مختلف ادوار میں سرکاری دفاتر پر حملے ، سرکاری گاڑیوں کو نذر آتش کرنے ، پولیس اہلکاروں پر حملوں، اسلحہ چھیننے ، اسلام آباد پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے ، تشدد کرنے ، راستے بند کرنے کے لیے درخت کاٹنے ، اشیائے خور ونوش سے بھرے ٹرک لوٹنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے جیسے واقعات میں بھی کالعدم کمیٹی کے عناصر ملوث رہے ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آزاد کشمیر نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے متعدد مقامات پر راشن سے بھرے ٹرک لوٹے جس کے باعث ٹرانسپورٹر آزاد کشمیر آنے سے گریز کر رہے ہیں ، راولاکوٹ میں پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار شہید ہوئے جبکہ سی ایم ایچ راولاکوٹ میں مریضوں، زخمی اہلکاروں اور طبی عملے کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔ ہجیرہ میں سڑکوں کی بندش کے باعث بروقت طبی امداد نہ ملنے سے 3 خواتین جاں بحق ہوئیں، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت کے پاس اب واحد راستہ یہ ہے کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کر دے ۔