مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت خراب،منظر عام پر لانا ناممکن:کامران
یہ بھی ہو سکتا ہے کہ علی خامنہ ای کی مشہد میں تدفین کے وقت سامنے آجائیں ایران حماس کو دستبرداری سے نہیں روک سکتا:دنیا مہربخاری کیساتھ میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہربین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا میراخیا ل ہے مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت خراب ہے کیونکہ امریکی، اسرائیلی حملے میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے ، اس وجہ سے ان کو منظر عام پر لانا ممکن نہیں ہے ، ایک رپورٹ یہ بھی ہے کہ جب علی خامنہ ای کو مشہد میں دفنائیں گے اس وقت مجتبیٰ خامنہ ای سامنے آجائیں گے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران بخاری نے کہا ایرانی حکومت نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کیلئے بڑا انتظام کیا ہے ،دو کروڑ لوگوں کی شرکت سے ایرانی حکومت نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ ایرانی قوم متحد ہے ۔
حماس کی غزہ حکومت سے دستبرداری سے متعلق انہوں نے کہا ایران کا حماس کے ساتھ اتنا گہرا تعلق نہیں جتنا حزب اللہ کے ساتھ ہے ،ایران حزب اللہ کو مکمل کنٹرول کرتا ہے ،حماس کاحزب اللہ سے تقابل نہیں کیا جاسکتا،دستبرداری سے ایران حماس کو منع نہیں کرسکتا،غزہ امن بورڈ تو ٹرمپ انتظامیہ نے شروع کیا ہے ،حماس نے ابھی تک ہتھیار نہیں ڈالے ۔ ایرانی قیادت کے آپس میں اختلاف سے متعلق انہوں نے کہا ایران کے اندرآئے دن ایرانی میڈیا سے خبریں آرہی ہیں کہ کتنے اختلافات ہیں ،یہاں تک سپیکر باقر قالیباف کو بار بار میڈیا پر آکراپنی صفائی پیش کرنی پڑتی ہے ، کیونکہ ان پر شدید نکتہ چینی ہورہی ہے ، آپ نے بہت زیادہ کمپرومائز کردیا ہے ،صدر ٹرمپ جتنی دور آسکتے تھے وہ آگئے ہیں، اب بال ایران کے کورٹ میں ہے اگرزیادہ لچک واشنگٹن سے آئے گی تو صدر ٹرمپ سیاسی طور پر کمزور ہوجائیں گے ،پھر ٹرمپ کے الیکشن بھی آرہے ہیں،ایران امریکا معاملہ کہاں تک جاتا ہے ، اس کا علم نہیں ہے ،میر ا خیال یہ ہے کہ یہ معاملہ مڈٹرم الیکشن سے پہلے کسی نہج تک نہیں پہنچتا تو ٹرمپ کیلئے ایشوز بن سکتے ہیں، صدر ٹرمپ کی کوشش ہے کہ معاملہ کو جلد نمٹایا جائے ۔