وزیراعلیٰ کی ضم اضلاع میں عوامی خدمات بہتر بنانے کیلئے 3ماہ کی مہلت
پشاور (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضم اضلاع میں سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو تین ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اس مدت کے دوران عوام کو خدمات کی فراہمی میں واضح اور عملی تبدیلی نظر آنی چاہئے ۔
سہیل آفریدی کی زیر صدارت ضم اضلاع میں امن و امان، گورننس اور ترقیاتی پروگراموں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں عوامی خدمات کی فراہمی، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں ایک ہفتے کے اندر ترقیاتی سرگرمیاں بحال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر کام کی بحالی کے لیے درکار افسران اور اہلکار فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع میں آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی، رواں مالی سال کے بجٹ میں اس مقصد کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی بھی ہنگامی بنیادوں پر پوری کی جائے ۔