پی آئی اے کی بحالی کیلئے 125 ارب کی سرمایہ کاری کا فیصلہ
کراچی(بزنس رپورٹر)معروف صنعتکار اور سرمایہ کار عارف حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کی بحالی اور اسے ایک بار پھر خطے کی مثالی قومی فضائی کمپنی بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں جنکے لیے جدید ایوی ایشن سسٹمز اور طیاروں کے آپریشنز پر مجموعی طور پر 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ انہوں نے آرمی چیف اور وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی ائرلائن کو دوبارہ ایک رول ماڈل ادارہ بنا کر دکھایا جائے گا،ماضی میں پی آئی اے کی بدانتظامی، ناقص فیصلوں اور مس ہینڈلنگ کے باعث ادارے کی ساکھ متاثر ہوئی ،تاہم اب ادارے کی ازسرِ نو تعمیر اور ترقی پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال پی آئی اے کی امریکا کیلئے پروازیں دوبارہ بحال ہو جائیں گی ۔ حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت پی آئی اے کے کسی بھی ملازم کو ایک سال تک ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا جس کا مقصد ملازمین کو اعتماد فراہم کرنا اور ادارے میں استحکام برقرار رکھنا ہے۔