وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے حلف اٹھا لیا

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے حلف اٹھا لیا

گورنر مہدی شاہ نے حلف لیا ،بلاول بھٹو اور امیرمقام کی تقریب میں شرکت گلگت بلتستان کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنائینگے :وزیراعلیٰ کا تقریب سے خطاب

گلگت (مانیٹرنگ ڈیسک )نو منتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا،گورنر سید مہدی شاہ نے ان سے حلف لیا۔ امجد حسین ایڈووکیٹ کی تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزیر امیر مقام بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا 7 جون کو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری، الیکشن میں نوجوانوں اور خواتین کا بڑا اہم کردار ہے ، عوام نے پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ دیکر بڑی ذمہ داریاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا میں اپنی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ جس نے بھرپور اعتماد کیا، مسلم لیگ ن کی قیادت کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے پیپلزپارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا ہمارے پاس جو موسم ہے وہ شاید دنیا میں کسی کے پاس بھی نہ ہو، ہمیں یہاں دنیا کیلئے زمینی اور ہوائی سفر کی سہولیات دینی ہوں گی، ہم تمام سیکٹرز میں ریفارم کریں گے ،گلگت بلتستان کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنائیں گے ، معدنی وسائل سے مقامی عوام کو معاشی فائدہ پہنچائیں گے ،ہماری حکومت عوامی خدمت، شفافیت، میرٹ اور بہتر طرزِ حکمرانی کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں