5 بار کی چیمپئن برازیل ورلڈ کپ سے باہر، نیمار رو پڑے

 5 بار کی چیمپئن  برازیل ورلڈ کپ سے باہر، نیمار رو پڑے

ناروے کی ٹیم برازیل کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے ہرا کر میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی انگلینڈ کی ٹیم میکسیکو کو 2کے مقابلے میں 3گول سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، انگلینڈ کیجانب سے بیلہنگم کے دو گول

نیوجرسی ،میکسیکو سٹی(سپورٹس ڈیسک) فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں ناروے نے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے برازیل کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔میچ میں ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے سکور کیے ۔ پہلا گول ایرلنگ ہالینڈ نے 79ویں منٹ میں سکور کیا جبکہ دوسرا گول 90 منٹ میں کیا۔ برازیل کی جانب سے واحد گول میچ کے اختتامی وقت پر نیمار جونیئر نے پنالٹی کک پر سکور کیا۔یوں ناروے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی اور برازیل کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

برازیل کے خلاف جیت کے بعد ناروے کی فٹ بال ٹیم نے سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں کو اپنی جیت کے جشن کے انداز میں جکڑ لیا۔ ڈرم بجانے کی ذمے داری میچ کے ہیرو ایرلنگ ہالینڈ کے سپرد کی گئی اور پورا سٹیڈیم گونج اٹھا۔ فیفا ورلڈکپ میں ناروے سے شکست کے بعد ورلڈکپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار رو پڑے ۔ کوارٹر فائنل میں ناروے کا مقابلہ انگلینڈ یا میکسیکو سے ہوگا۔ادھر میکسیکو سٹی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میکسیکو کو شکست دیکر فٹبال ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ناروے سے ہوگا۔میچ میں انگلینڈ کی جانب سے بیلہنگم نے دو جبکہ کپتان ہیری کین نے ایک گول کیا۔ میکسیکو کے گول کوئی نینس اور جمینینس نے بنائے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں