ناروے سے شکست،نیمار کا فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
یہ سب اسی سٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور میں نے یہیں اس کا اختتام کیا،فٹبالر
نیو یارک (سپورٹس ڈیسک)برازیل کے مایہ ناز فٹبالر نیمار جونیئر نے فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ شکست کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار جونیئر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہو گئے ۔ بعد ازاں انہوں نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ نیمار جونیئر نے 2010 میں امریکہ کے خلاف اسی سٹیڈیم میں اپنا پہلا انٹرنیشنل گول کیا تھا۔
حالیہ برسوں میں فٹنس مسائل کا شکار رہنے والے نیمار کو ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے حیران کن طور پر سکواڈ میں شامل کیا تھا، جہاں وہ انجری کے باعث پہلے 2 میچز نہیں کھیل سکے تھے ،برازیلین صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار جونیئرنے کہامیں نے پوری کوشش کی، یہ سب یہیں اسی سٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور میں نے یہیں اس کا اختتام کیا۔ اب یہ سب ختم ہو چکا ہے ۔نیمار جونیئر کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی جانب سے انہیں شاندار بین الاقوامی کیریئر پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔