عوام کی خدمت ہی میری سیاست کا محورہے : سردار سلیم حیدر
پیپلزپارٹی نے غریب و محروم طبقات کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی:گورنر پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر )گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہی میری سیاست کا محورہے ،علاقے کی بنیادی ضرورتوں کو پوراکرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے برج ضلع اٹک میں جنازگاہ کی تعمیرکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوامی خدمت،جمہوریت کے استحکام اور غریب و محروم طبقات کے تحفظ کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی۔
ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو بااختیاربنانے اورانہیں ان کے بنیادی حقوق دلانے کیلئے جو جدوجہد کی کی وہ ملکی سیاست کا ایک روشن باب ہے ،محترمہ بی بی شہید اور پارٹی کی موجودہ قیادت بھی اسی عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے بھرپورکردار ادا کررہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ میں یہاں سے گورنر ہاؤس پندرہ دن بعد واپسی کا کہہ کرجاتا ہوں لیکن چاردن بعدہی آپ لوگوں کی محبت مجھے دوبارہ کھینچ لاتی ہے ، گورنرہاؤس کے دروازے آپ کیلئے کُھلے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ میں نے سیاست غریب آدمی کیلئے شروع کی اور مشکل وقت میں ہمیشہ غریب آدمی کے ساتھ کھڑا ہوا ہوں،علاقے کی بنیادی ضرورتوں کو پوراکرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔