سالانہ ڈیجیٹل مالیاتی لین دین 11 ارب سے متجاوز:بلال کیانی
ڈیجیٹل بینکاری 13.5کروڑ، ڈیجیٹل وصولی کرنیوالے مرچنٹس 20لاکھ ہوگئے
اسلام آباد (اے پی پی)وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہرکیانی نے کہا کہ راست پروگرام کے ذریعہ ملک میں سالانہ ڈیجیٹل مالیاتی لین دین کی تعداد 6.9ارب سے بڑھ کر 11.3ارب اور ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے والے مرچنٹس کی تعداد 5لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ، پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقلی کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے موجودہ پیش رفت کو برقرار رکھنا ضروری ہے ۔انہوں نے یہ بات پیرکو کیش لیس پاکستان اقدام کے پہلے سال کے دوران حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ جائزہ اجلاس میں کہی۔ جائزہ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل بینکاری استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بھی بڑھ کر 13 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ۔