اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایس سی او فالو اپ کمیٹی کا اجلاس ، تیاریوں کاجائزہ

 اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایس سی او فالو اپ کمیٹی کا اجلاس ، تیاریوں کاجائزہ

آئندہ سال اسلام آباد میں ہونیوالے سربراہ اجلاس کے مقام،سکیورٹی،لاجسٹکس پربریفنگ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور نیشنل کوآرڈی نیٹر برائے ایس سی او ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی شرکت کی پائیدار امن کیلئے کشمیر اورفلسطین کا حل ناگزیر :ڈار،امیدوار سیکر ٹری جنرل اقوام متحدہ کی ملاقات

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز) نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایس سی او فالو اپ کمیٹی کا چوتھا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے آئندہ سال اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کے سربراہ اجلاس کی میزبانی اور اس کی صدارت کے لیے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور نیشنل کوآرڈی نیٹر برائے ایس سی او ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ مختلف ذیلی کمیٹیوں نے اجلاس کو ایس سی او سربراہ اجلاس کے لیے مقام، آنے والے وفود کے لیے رہائش، سکیورٹی، فنانس، میڈیا مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں اسحاق ڈار سے ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ماریا فرنانڈا ایسپینوسا نے ملاقات کی جس میں اقوام متحدہ کے کردار، عالمی امن اور کثیرالجہتی نظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے امید کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کی نئی سیکرٹری جنرل ادارے میں انتہائی ضروری اصلاحات متعارف کرائیں گی اور سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں، بالخصوص فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کریں گی ۔اسحاق ڈارنے اس موقع پر اقوام متحدہ کے منشور اور اس کے بنیادی اصولوں کے فروغ، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل ناگزیر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں