صدر آصف زرداری سرکاری دورے پر کرغزستان پہنچ گئے
قرغز صدر صا دیر ژاپاروف نے ایئر پورٹ پر استقبال کیا، گارڈ آف آنر پیش
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری کرغز صدرصا دیر ژاپاروف کی دعوت پر کرغزستان کے 4روزہ سرکاری دورے پر چولپان اتا کے اِسی کال پہنچ گئے ۔قرغز صدر صا دیر ژاپاروف نے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صدرِ مملکت کا استقبال کیا۔صدرِ مملکت کو اِسی کال آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ یاد رہے کہ بے نظیر بھٹو شہید کے 1995 کے تاریخی دورئہ کرغزستان کے بعد صدرِ مملکت آصف علی زرداری کر غز جمہوریہ کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے صدر ہیں ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ 21 برسوں میں کسی بھی پاکستانی صدر کا یہ کرغزستان کا پہلا دورہ ہے ۔
یہ دورہ دسمبر 2025 میں کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف کے پاکستان کے کامیاب دورے کا تسلسل ہے ۔دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور صدر صادیر ژاپاروف کے درمیان ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے ۔ مذاکرات میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت، ادویہ سازی، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اپنے دورے کے دوران صدر مملکت کرغز پارلیمنٹ کے سپیکر سے بھی ملاقات کریں گے ۔ 9 جولائی تک کرغزستان کے سرکاری دورہ کے دوران صدر اعلیٰ سطح وفد کی قیادت بھی کریں گے ۔