شہباز گل پر سیاہی و انڈے پھینکنے والے 2 ملزموں پرفردجرم عائد

شہباز گل پر سیاہی و انڈے پھینکنے والے 2 ملزموں پرفردجرم عائد

پانچ سال بعد مقدمے کی کارروائی آگے بڑھ گئی، گواہان آئندہ سماعت پر طلب

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر پیشی کے دوران سیاہی اور انڈے پھینکنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سعد الرحمن نے واقعے کے تقریباً پانچ سال بعد مقدمے میں نامزد مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں غلام عباس اور طارق جٹ پر فردِ جرم عائد کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ سعد الرحمن نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر تمام ملزم عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔

اس دوران ملزموں کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی، تاہم انہوں نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا، جس پر عدالت نے غلام عباس اور طارق جٹ پر فردِ جرم عائد کر دی۔عدالت نے ملزموں کے انکار کے بعد استغاثہ کے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا تھا جب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل لاہور ہائیکورٹ میں ایک مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں پیش ہوئے تھے ۔ اس دوران عدالت کے احاطے میں موجود بعض افراد نے ان پر سیاہی اور انڈے پھینکے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں