آپریشن شعبان:دہشتگردوں کے گرد گھیراتنگ،مزید17خوارج ہلاک،مجموعی تعداد43ہوگئی
منگی ڈیم پولیس سٹیشن پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد فوج، ایف سی ، پولیس کی زمینی و فضائی کارروائیاں،26 دہشتگرد و ں کو 6اور 7 جولائی کو ہی ہلاک کردیا :سکیورٹی ذرائع خضدار زیدی میں پولیس سٹیشن پر حملہ پسپا،8ہلاک،ہیلی کاپٹر آپریشنز میں 5،6دہشتگرد مارے گئے ، 5جولائی سے اب تک 79 ہلاکتیں،حکمت عملی قابل ستائش: صدر،وزیراعظم
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)منگی ڈیم پولیس سٹیشن پر دہشتگرد انہ واقعہ کے بعد پاک فوج ، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا "آپریشن شعبان" جاری ہے ، سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے 26 خوارج کو 6 اور 7 جولائی کو پہلے ہی ہلاک کیا جا چکا ہے ،آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیاگیا ،زمینی اور فضائی ایکشنز کے ذریعے فتنہ الخوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں کی گئیں،چھپے دہشتگردوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17خارجی دہشتگرد ہلاک کردئیے گئے ،آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد مجموعی طور پر 43 ہو گئی ،آپریشن شعبان کے علاوہ گزشتہ صبح خضدار زیدی کے علاقے میں دہشتگردوں کا پولیس سٹیشن پر حملہ بھی پسپا کردیا گیا ،فوج اور ایف سی کے دستوں کی برق رفتار کارروائی کے ذریعے 8 دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں، 5 سے 6 مزید دہشتگردوں کے ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں،5 جولائی سے آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 79 دہشتگردہلاک کردئیے گئے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا آپریشن شعبان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز ہر خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،پاکستان کے خلاف پراکسی عناصر کو استعمال کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ،بھارت اور کچھ دیگر ممالک کے پاکستان دشمن عناصر اور ادارے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو داغدار کرنے کیلئے کچھ ملک دشمن عناصر کو کرائے کے قاتلوں کے طور پر استعمال کر کے ہمارے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں،ہم پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کو منطقی نتیجہ پر پہنچائیں گے اور دہشتگردی کو بھی عوام کی مدد سے شکست دیں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا فتنہ الخوارج کے خلاف گرینڈ آپریشن میں اب تک 75 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ،دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں آپریشن فورسز کی حکمتِ عملی قابلِ ستائش ہے ۔خضدار میں پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر پاک فوج اور ایف سی کے دستوں کی کارروائی کو سراہتے ہیں،بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی، پوری قوم اپنی بہادر افواج اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا مادر وطن کے امن کو سبوتاژ کرنے والے ان عناصر کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔