سزا سنا دیں،کیس تلوار کی طرح لٹکنے نہیں دونگی:علیمہ خان
عدالت نے طلب کیا ،میرے آنے سے پہلے 11 اگست کی تاریخ مقرر کر دی وزرا کی گفتگو ریکارڈنگ کے فرانزک کی درخواست دائرکر دی ہے ، وکیل صفائی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج ختم نہیں ہوا بلکہ اب احتجاج کے نئے مرحلے کے طور پر سٹریٹ موومنٹ شروع کی جا رہی ہے ،عدالت پیشی کے موقع پر انہوں نے کہا پہلے بار بار وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ، مگر اب ٹرائل سے بھاگا جا رہا ہے ، عدالت نے مجھے طلب کیا تھا لیکن میرے آنے سے پہلے ہی 11 اگست کی تاریخ مقرر کر دی گئی، جو سمجھ سے بالاتر ہے ، اگر سزا دینی ہے تو دے دیں اور جیل بھیج دیں، لیکن اگر کیس میں کچھ نہیں تو بری کر دیں، اس کیس کو تلوار کی طرح لٹکنے نہیں دوں گی ،انہوں نے کہا عوام کے خوف کے بت ٹوٹ چکے ہیں،وکیل صفائی فیصل محمود ملک نے کہا عدالت میں وزراء کی میڈیا ٹاک کی ویڈیو ریکارڈنگ کے فرانزک کی درخواست دائر کر دی گئی ہے ، ویڈیو ریکارڈنگ کا ٹیسٹ کسی بھی بین الاقوامی فرانزک لیبارٹری سے کرایا جائے ،فرانزک رپورٹ آنے کے بعد محسن نقوی، عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری کو بطور عدالتی گواہ طلب کیا جائے ۔