ہائبرڈ نظام نہیں،ہم آہنگی پاکستان کی طاقت :احسن اقبال
اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ کئے تو نئے صوبوں کے مطالبات میں اضافہ ہو سکتا ہے ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں ،امریکا میں پاکستانیوں سے گفتگو
ہیوسٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہائبرڈ نظام نہیں ہے ، تمام ریاستی ادارے قومی مفاد میں ایک سمت میں کام کر رہے ہیں،ہیوسٹن میں اوورسیز پاکستانیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں اور سیاسی قیادت کے درمیان ہم آہنگی پاکستان کی طاقت ہے ، اگر اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ کئے گئے تو مستقبل میں نئے صوبوں کے مطالبات میں اضافہ ہو سکتا ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں اور حکومتی اتحاد کو کوئی خطرہ نہیں، وزیرِ اعظم اتحادی جماعتوں کے تحفظات فوری دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو صرف جیو پولیٹکس تک محدود رکھنے کے بجائے ان کو جیو اکنامکس کی بنیاد پر آگے بڑھانا ہو گا،انہوں نے بتایا کہ سلیکون ویلی کی ایک معروف کمپنی پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرنے پر آمادہ ہے جبکہ امریکی جامعات کے ساتھ روبوٹک سرجری، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر پیش رفت ہوئی ہے ۔ناسا اور دیگر امریکی اداروں کے ساتھ سپیس ایجوکیشن اور خلائی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے ، سپارکو کو 2035ء تک پاکستان کا لیونر مشن مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے ۔