امریکی قونصلیٹ جنرل کے وفد کا ای پی اے لاہور کا دورہ

امریکی قونصلیٹ جنرل کے وفد کا ای پی اے لاہور کا دورہ

وفد نے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا اور لاہور کا لائیو AQI بھی چیک کیا وزیراعلیٰ خطے کی پہلی کلائمیٹ چینج آبزرویٹری بنا رہیں:مریم اورنگزیب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی قونصلیٹ جنرل کے وفد کاانوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی(ای پی اے )لاہور کا دورہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر دیگر صوبائی وزرا بھی موجود تھے، وفد نے ای پی اے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور ماحولیاتی مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لینے کے ساتھ ائیر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم سے لاہور کا لائیو AQI چیک کیا ۔ مریم اورنگزیب نے وفد کو ای پی اے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا لیکن اب صورتحال بہتر ہے ، فصلوں کی باقیات کو نہ جلانے کے لئے سپر سیڈر لازمی ہے ،مریم نواز کی حکومت آئی تو پنجاب میں 250 سپر سیپر سیڈر موجود تھے ، آج 7500 سپر سیڈر کسان استعمال کر رہے ہیں جس کی 60 فیصد قیمت کسان کو مریم نواز سموگ فری پنجاب سے دی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازنے پنجاب میں دو سال میں کلائمیٹ چینج پر تاریخی بجٹ دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب پاکستان اور خطے کی پہلی کلائمیٹ چینج آبزرویٹری بنا رہی ہیں ،کلائمیٹ آبزرویٹری موسمیاتی تغیر و تبدیلیوں اور ریزیلینٹ پنجاب کا ڈیٹا ہب ہو گا ۔ وفد کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ،لاہور کے تمام موٹرویز، مالز اور ماڈل بازار پلاسٹک فری زونز ہیں،مرحلہ وار پنجاب کے تمام کمرشل بازاروں کو پلاسٹک فری بنایا جائے گا ،پنجاب اے کیو آئی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ معلومات کی فراہمی یقینی بناتی ہے ،اگلے سال تک 15 ہزار سے زائد سپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں