خواتین حقوق بارے اوآئی سی کانفرنس آج ،وفود کی آمد

خواتین حقوق بارے اوآئی سی کانفرنس آج ،وفود کی آمد

وزارتی کانفرنس کی میزبانی ملک کیلئے فخر،معززمہمانوں کاایئرپورٹ پراستقبال خواتین کے سماجی، معاشی ، سیاسی استحکام بارے بات ہوگی:وزارت انسانی حقوق

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،اے پی پی)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وفود نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، پاکستان کی میزبانی میں وزارتِ انسانی حقوق کے زیرِ اہتمام یہ اہم کانفرنس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگی، نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے ،یہ عالمی سطح پر پاکستان کے مضبوط سفارتی تشخص، خواتین کی ترقی کے لیے حکومتی عزم اور مسلم دنیا کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے فروغ کا واضح ثبوت ہے ۔وزارتِ انسانی حقوق کے مطابق او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام، چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے خواتین  و خاندانی امور کے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، او آئی سی کے ذیلی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندگان شرکت کریں گے ، جہاں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معزز وفود کا استقبال وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف فرح ناز اکبر، وزارتِ انسانی حقوق، وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے سینئر حکام نے کیا،پاکستان کو اس اہم وزارتی کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے ، جو اسلامی تعاون تنظیم کے مقاصد سے اس کے مضبوط عزم اور رکن ممالک کے درمیان خواتین کے حقوق، وقار اور بااختیار بنانے کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا مظہر ہے ۔ اس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور پاکستان اس فورم کی صدارت کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان تعاون، اتفاقِ رائے اور مشترکہ اقدامات کے فروغ کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے گا۔کانفرنس کے دوران اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں