آزاد کشمیر الیکشن ، مہا جر نشستوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل

آزاد کشمیر الیکشن ، مہا جر نشستوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل

دیگر 33انتخابی نشستوں کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل تیزی سے جاری ممبرالیکشن کمیشن کا دورہ پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن ، اعلیٰ حکام نے بریفنگ دی

اسلام آباد،مظفرآباد (خصوصی نامہ نگار،بیورو رپورٹ )  آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے رکن سید نذیر الحسن گیلانی کو بتایا گیا کہ پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن نے 12 مہاجرینِ کشمیر کی نشستوں کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی ، جبکہ آزاد کشمیر کی باقی 33 انتخابی نشستوں کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ رکن الیکشن کمیشن نے ہفتہ کے روز پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 27 جولائی کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے عمل کا جائزہ لیا ، اس موقع پر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام نے انہیں چھپائی کے مختلف مراحل اور پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں تاکہ انتخابی شیڈول کے مطابق بیلٹ پیپرز بروقت متعلقہ ریٹرننگ افسران تک پہنچائے جا سکیں۔دریں اثنا ایس ایس پی سکیورٹی سید ریاض بخاری نے بھی سید نذیر الحسن گیلانی کو اسلام آباد سے آزاد کشمیر تک بیلٹ پیپرز کی محفوظ ترسیل کے لئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں