کندھکوٹ:نہر میں شگاف سے تباہی، پانی سینکڑوں گھروں میں داخل

کندھکوٹ:نہر میں شگاف سے تباہی، پانی سینکڑوں گھروں میں داخل

تیز بہاؤ سے متعدد کچے گھر گرگئے ، مکینوں کو بھاری نقصان، بیراج سے نہر بند شہری مویشی اور اپنی جان بچانے کیلئے علاقے سے منتقل، ڈپٹی کمشنر، انجینئر کا دورہ

کندھکوٹ(نامہ نگار)کندھ کوٹ کے قریب نواحی گاؤں مصری خان سہریانی میں بی ایس فیڈر میں شگاف پڑ گیا، محکمہ آبپاشی کا عملہ بروقت شگاف زدہ علاقے میں نہ پہنچ سکا اور پانی کا دباؤ زیادہ ہونے سے شگاف 200فٹ سے زائد تک پہنچ گیا، جس کے باعث علاقے کے سینکڑوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا، پانی آنے کے بعد گاؤں والوں کی کسی نے مدد نہیں کی اور نہ ہی شگاف کو بند کرنے کیلئے کوئی فوری اقدامات کئے گئے ، پانی آنے کے بعد صرف علاقہ مکین مویشی اور اپنی جان بچانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے ، اور محفوظ جگہ پر پناہ لے لی، پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کئی مکانات تباہ ہوگئے ، اناج اور گھریلو سامان بھی پانی میں ڈوب گیا، فصلیں ڈوبنے سے انہیں بھی شدید نقصان پہنچا، جس سے گاؤں والوں کا مالی نقصان بھی ہوا، علاقہ مکینوں نے شگاف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی، لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نہیں پہنچی، اور پانی تیز بہاؤ کے باعث کئی علاقوں تک پہنچ گیا، کئی گھنٹوں کے بعد ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان پٹھان، اریگیشن انجینئر سمیت متاثرہ علاقے میں پہنچے ، اور شگاف کو بند کرنے کیلئے کرین مشین سمیت عملہ طلب کیا، گڈو بیراج سے بی ایس فیڈر کا پانی روک دیا گیا ہے تاکہ شگاف کے پانی کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور پانی کی سطح کم ہونے پر ہی شگاف کو بند کیا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں