شادی ا ور طلاق کی ذمہ دار میں خودہوں :میرا سیٹھی
لاہور(شوبزڈیسک) معروف اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے کہاہے کہ شادی اور طلاق میرا فیصلہ تھا، کسی اور کو اس کا قصور وار نہیں ٹھہراتی۔
ایک پوڈکاسٹ میں اپنی طلاق سے حاصل ہونے والے اسباق اور شادی کے فیصلے پر انہوں نے کہا کہ طلاق سے میں نے سب سے پہلے یہ سیکھا کہ ہمیشہ اپنی گَٹ فیلنگ (Gut Feeling) پر انحصار نہ کریں اور کسی بھی شخص کے لیے اپنی شخصیت تبدیل نہ کریں، چاہے وہ آپ کا شوہر ہو، دوست ہو، باس ہو یا کوئی اور ہو۔ لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ آپ ان کے مطابق خود کو بدل لیں لیکن یہ اچھی بات نہیں، یہی دو سب سے بڑے سبق ہیں جو میں نے سیکھے ۔ میں نے اپنی زندگی کے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا، بہت ترقی کی اور پہلے سے زیادہ بالغ نظر ہو گئی ہوں، مجھ پر شادی کرنے کا کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا، میں نے معاشرے کی طے کردہ عمر کے مقابلے میں نسبتاً بڑی عمر میں شادی کی، یہ مکمل طور پر میرا ذاتی فیصلہ تھا جو محبت اور آئیڈیلزم کی بنیاد پر کیا گیا تھا، اس فیصلے کی ذمے دار میں خود ہوں، میں کسی اور کو اس کا قصور وار نہیں ٹھہراتی۔