آپریشن شعبان : 24 گھنٹوں میں مزید 21 خوارج ہلاک، تعداد 64 ہوگئی
فضائی اور زمینی کارروائیاں، دستی بم و دیگر اسلحہ بارود برآمد، 5جولائی سے اب تک 102دہشتگرد مارے گئے دہشتگردوں کا چاغی کی چیک پوسٹ پر حملہ، مستونگ میں پل کو دھماکے سے اڑادیا، سبی سے 4لاشیں برآمد
کوئٹہ، اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں منگی ڈیم پولیس سٹیشن پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد پاک فوج ، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی طرف سے مشترکہ طورپر جاری آپریشن شعبان میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 خوارج مارے گئے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو علاقے میں فضائی اور زمینی کارروائیوں میں نشانہ بنایا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم، موٹرسائیکل، موبائل فون، کالعدم تنظیم کے جھنڈے اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا،پانچ جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 102 خارجی دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں، سکیورٹی ذرائع نے کہا آخری دہشتگرد کے خاتمے تک بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری رہے گا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا بہادر فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے ۔دریں اثنا ضلع سبی کے علاقے کوٹ باروزئی سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے ،تین افراد کی شناخت گلزار خان، عبدالوحید اور اسد اللہ کے ناموں سے ہوئی۔ ضلع چاغی میں مسلح افراد نے این40 قومی شاہراہ پر واقع کوچکی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے اسے تباہ کردیا۔ مستونگ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کھڈکوچہ میں مسلح افراد نے ایک پل کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں پل کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔