شجر کاری نئی نسل کیلئے تحفہ، جنگلات کا تحفظ گرین فیوچر یقینی بنائے گا : مریم نواز

شجر کاری نئی نسل کیلئے تحفہ، جنگلات کا تحفظ گرین فیوچر یقینی بنائے گا : مریم نواز

5کروڑ درخت سبز انقلاب کامحض آغاز ،ایک درخت لگائیں اور سرسبز پنجاب کے مشن میں شامل ہوجائیں:وزیراعلیٰ نوازشریف سنٹر آف ایمیننس کا عوامی مقبولیت کا ریکارڈ قائم، ستمبر تک 300سنٹرزمکمل کرنے کا ہدف

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں شجرکاری مہم 2025-26 کی کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں 54 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر 5 کروڑ سے زیادہ درخت لگا کر بنجر زمینوں کو سرسبز جنگلات میں تبدیل کیا جا رہا ہے ، جو صوبے میں سبز انقلاب کامحض آغاز ہے۔ شجرکاری نئی نسل کیلئے تحفہ ہے ،جنگلات کا تحفظ گرین فیوچر یقینی بنائے گا ۔ انہوں نے اپنے ایکس پیغام میں کہا کہ اکتوبر 2024 سے جون 2025 تک ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سرسبز و شاداب لینڈ اسکیپ میں تبدیل ہو چکی ہے اور پنجاب آئندہ دنوں میں جنگلات، صاف ہوا اور دریاؤں کا صوبہ بنے گا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ غازی گھاٹ، تھل مکسی، خانانی، پھکوال، لال سوہنرا، میانوالی، گوجرانوالہ اور مری سمیت مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے اور جی آئی ایس لیب، ڈرونز، سیٹلائٹ امیجری اور آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے درختوں کی نگرانی کی جا رہی ہے ، جس سے غیر قانونی کٹائی، تجاوزات اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی بروقت نشاندہی ممکن ہو گئی ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 65 نوازشریف سینٹر آف ایمیننس میں داخلوں کیلئے 71 ہزار سے زائد طلبہ امیدوار ہیں جو ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

وزیراعلیٰ نے 14 اگست تک 114 اور ستمبر تک 300 نوازشریف سینٹر آف ایمیننس فعال کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد بن رہا ہے اور سرکاری سکولوں پر عوامی اعتماد کی بحالی کا واضح ثبوت ہے ۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان تعلیمی اداروں میں عالمی معیار کی تعلیم، ہر کلاس میں 30 طلبہ، بہترین اساتذہ اور کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں نوازشریف سینٹر آف ایمیننس قائم کئے جائیں تاکہ معیاری تعلیم ہر بچے کی دسترس میں آ سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں