سرگودھا:6سالہ بچی سے رشتہ دار کی زیادتی ،قتل کی کو شش
ملزم تصور نے بچی کو دوسرے شہر منتقل کر کے قتل کے منصوبے کا اعتراف کر لیا موبائل لوکیشن کی مدد سے بازیاب ،ملزم کو قانون کے مطابق سزا ہو گی:ڈی پی او
سر گو دھا ، بھاگٹانوالہ(سٹاف رپورٹر ، نمائندہ دنیا )سرگودھا میں اغوا ہونے والی 6 سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پرزیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ متاثرہ بچی کو پولیس نے چند گھنٹوں میں بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے ، جبکہ ملزم نے دورانِ تفتیش بچی کو دوسرے شہر منتقل کر کے قتل کرنے کے منصوبے کا بھی اعتراف کیا ہے ۔پولیس کے مطابق تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود 72 جنوبی کے رہائشی اسد کی6سالہ بیٹی(م)کے اغوا کی اطلاع پر مغویہ بچی کو موبائل لوکیشن کی مدد سے بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت تصور کے نام سے ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مغویہ بچی کا قریبی رشتہ دار ہے ،بروقت کارروائی سے اس کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش میرٹ اور حقائق کی روشنی میں جلد مکمل کر کے ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملزم بچی کی ماں کا ماموں ہے ۔