چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں جوڈیشل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں جوڈیشل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منصوبہ 24 ارب سے 30 ماہ میں مکمل ہو گا ،184 عدالتیں ،باررومز ، ریکارڈ رومز سمیت جدید پارکنگ پلازہ بنایا جائیگا ایوان عدل میں سولرائزیشن اور لیڈز بار روم کا بھی افتتاح، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے تاریخی اقدمات کئے :عرفان باجوہ

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور کی تمام ماتحت عدالتیں اب ایک چھت تلے ہوں گی ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور میں جوڈیشل ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبہ 24 ارب کی لاگت سے 30 ماہ کی مدت میں مکمل ہو گا جس میں 184 عدالتیں ،باررومز ، ریکارڈ رومز سمیت جدید پارکنگ پلازہ بھی بنایا جائے گا۔قبل ازیں لاہور بار کی دعوت پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم ایوان عدل پہنچیں تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیا اور وہاں ماتحت عدالتوں کی سولرائزیشن،ای لائبریری اور لیڈز بار روم کا افتتاح کیا جبکہ منعقدہ تقریب میں جوڈیشل ٹاور کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

اس موقع پر جسٹس عابد عزیز شیخ ، جسٹس شہباز رضوی ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، ممبر جوڈیشل کمیشن احسن بھون ، وائس چیئرمین پاکستان بار پیر مسعود چشتی ، صدر لاہور بار عرفان حیات باجوہ سمیت ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے جج صاحبان اور وکلاء بھی موجودتھے ۔ تقریب سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس اپنے آنے والوں کے لیے بہت بڑا اثا ثہ چھوڑ کر جائیں گی ، انکا عزم سائلین اور وکلاء دونوں کیلئے کام کرنا ہے ۔ حکومت کی طرف سے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے مکمل تعاون کا یقین دہانی کراتا ہوں ،یہ تاریخی منصوبہ ہے ۔ صدر لاہور بار ایسوسی ایشن عرفان حیات باجوہ نے کہاکہ جسٹس عالیہ نیلم نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ دو سالوں میں تاریحی اقدامات کئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں