مہنگائی، دہشتگردی، بدامنی سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ قومی حکمت عملی ناگزیر : حافظ نعیم
ساری صورتحال میں خاموش نہیں رہیں گے ، بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں :امیر جماعت اسلامی پاکستان افغان حکومت یقینی بنائے اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو :اجلاس سے خطاب
لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کو مہنگائی ، دہشت گردی، بلوچستان میں بدامنی اور آزاد کشمیر کی بگڑتی صورتحال جیسے سنگین داخلی مسائل درپیش ، بہتری کیلئے سنجیدہ قومی حکمت عملی اپنانا ہوگی ، جماعت اسلامی ساری صورتحال میں خاموش نہیں رہے گی، بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، عوامی رابطے بڑھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو منصورہ میں جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دو روزہ اجلاس میں ملک بھر سے مرد و خواتین اراکین شوریٰ شریک ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے عالمی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی بے مثال قربانیوں اور استقامت نے امریکا اور اسرائیل کے ناقابل شکست ہونے کا تاثر ختم کر دیا ،ایرانی قوم نے بھی بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور یہ تاثر غلط ثابت کر دیا کہ ایران اندرونی طور پر تقسیم ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار نے امریکا کو عالمی سطح پر مذاق بنا کر رکھ دیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال مسلسل تشویشناک ،آزاد کشمیر کی انتہائی سنگین ہے ، موجودہ مرحلے میں مسائل کے حل کیلئے ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے بجائے سخت طرزِ عمل اختیار کیا جا رہا جس کے باعث عوام میں مایوسی اور ردعمل بڑھ رہا ہے، جماعت اسلامی اس معاملے پر ذمہ دارانہ کردار ادا کررہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر باعث تشویش ہے ، افغان حکومت کو یقینی بنانا ہوگا کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو، پاکستان کو بھی افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے ، تیل، بجلی، گیس اور روزمرہ استعمال کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، غریب طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک میں لسانی گروہ دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں، اس لئے ریاستی اداروں کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ امیر جماعت اسلامی نے ضلعی قائدین کو ہدایت کی کہ بہاولنگر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کئے گئے پیدل مارچ کی طرز پر ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم، احتجاجی مارچ اور مقامی مسائل کے حل کیلئے سرگرمیاں شروع کی جائیں، آئندہ ماہ ہونے والے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے ،بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاری مکمل کرنی چاہیے۔