امتحان کے بعد اشتہار کی شرائط چیلنج نہیں ہو سکتیں:ہائیکورٹ
پی پی ایس سی کی 1 نشست کیلئے 5امیدواروں کے انٹرویو کیخلاف درخواستیں مسترد اشتہار کی شرائط سے آگاہ ہوکرامتحان دیا،اب اعتراض کیسا:جسٹس اویس خالد
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی)کی ایک نشست کیلئے 5 امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلانے کی پالیسی کے خلاف دائر 21 درخواستیں مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ امیدوار امتحان میں شرکت کے بعد اشتہار کی شرائط کو چیلنج نہیں کر سکتے ۔جسٹس ملک محمد اویس خالد نے پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ امتحان سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزاروں نے اشتہار کی تمام شرائط سے آگاہی کے باوجود امتحان میں حصہ لیا، اس لئے بعد ازاں ان شرائط پر اعتراض نہیں کیا جا سکتا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اشتہار میں اہلیت، نصاب، کامیابی کا معیار اور دیگر شرائط واضح طور پر درج تھیں اور کوئی امیدوار محض امتحان پاس کرنے کی بنیاد پر انٹرویو کا قانونی حق نہیں رکھتا۔ پی پی ایس سی نے مقررہ تناسب کے مطابق 106 امیدواروں کو انٹرویو کیلئے شارٹ لسٹ کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ بھرتی، شارٹ لسٹنگ اور انتخاب کا طریقہ کار بنیادی طور پر پی پی ایس سی کے دائرئہ اختیار میں آتا ہے اور عدالتی مداخلت صرف غیر قانونی اقدام، بدنیتی، من مانی یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں ہی ممکن ہے ، جو اس مقدمے میں ثابت نہیں ہوئی۔ چنانچہ پی پی ایس سی کی پالیسی میں مداخلت کا کوئی جواز موجود نہیں، اس لئے درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔