عوام غصے میں، حکمران بے حس ہیں:نجم سیٹھی
آفریدی تحریک چلانے آئے تھے ،ان کو شرم نہیں انکا لیڈر سادہ آدمی ہے عوام کی کیا حالت ، تھوڑا تو لحاظ کریں:پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مجھے جس بات پر حیرت ہو رہی ہے کہ کیا ہمارے ایم پی ایز،ایم این ایز اور حکمران طبقے کو معلوم نہیں کہ باہر لوگ کیا سوچ رہے ہیں؟لوگوں کے اندر کتنا غصہ ہے ، لوگوں کو تو یہ نہیں پتہ ان کا دن کیسے گزرے گا ، ادھر یہ حضرات جن کے اوپر کرپشن کے الزامات ہیں وہ اوپر سے اور سہولیات لینا چاہتے ہیں ، یہ سارا ڈراما ہو رہا ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام آج کی بات سیٹھی کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایک پروگرام میں بتایا تھا کہ صاف ستھرا پنجاب کے ملازم نے خودکشی کر لی ، آج سنا ہے ایک اور نے خود کشی کر لی ،بات یہ ہے کہ حکمران بالکل بے ہوش ہیں،انہیں عوام سے کوئی محبت نہیں ، ارکان اسمبلی جس قسم کے قانون اپنے لئے پاس کرانا چاہتے ہیں وہ انتہائی نفرت انگیزہیں، خیبر پختونخوا میں بھی یہ شروع ہو گیا ،پنجاب میں بھی یہی ہوا ، اس قسم کے قانون خفیہ طور پر پاس کر دیتے ہیں۔
نجم سیٹھی نے کہا میرا خیال ہے حکمرانوں کو اس قسم کے قانون پاس نہیں کروانے چاہئیں،لوگ نفرت کررہے ہیں،ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا جو یہ لوگ کررہے ہیں،سہیل آفریدی چیف منسٹر اس لئے آئے تھے تاکہ عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک چلائیں اس لئے نہیں کہ سہولیات بڑھائیں اور عیاشیاں کریں،خان صاحب کے بارے میں سب جانتے ہیں وہ سادہ آدمی ہے ، مگر ان کو شرم نہیں انکا لیڈر سادہ آدمی ہے ۔نجم سیٹھی نے کہا کوئی کفایت شعاری مہم نہیں چل رہی ، اسلام آباد نہ پنجاب، سندھ نہ کے پی اور نہ بلوچستان میں کفایت شعاری ہو رہی ، آئی ایم ایف ان کو کہتا ہے آپ اپنے اخراجات ، عیاشیاں اورکرپشن کم کریں، وہ یہ کرتے نہیں ، اس لئے تو یہ غیر مقبول ہیں، سب ایک ہی حمام میں ہیں،باہر عوام کی کیا حالت ہے کم از کم تھوڑا تو لحاظ کریں۔